متحدہ عرب امارات کی ریاست رأس الخیمہ میں ہیٹ اسٹروک کا شکار غیر ملکی خاتون کی جان بچانے والے پاکستانی گائیڈ فیصی شلمانی کے دنیا بھر میں چرچے ہو رہے ہیں، جبکہ ان کے جذبۂ انسانیت کو بھرپور سراہا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق پاکستانی ہائیکرز کے ایک گروپ کے ساتھ رأس الخیمہ کے پہاڑی ٹریک پر موجود تھے کہ اسی دوران اطلاع ملی کہ ایک غیر ملکی خاتون اچانک بے ہوش ہو گئی ہے۔
پاکستانی گائیڈ فیصی شلمانی نے فوری طور پر مدد کرتے ہوئے ہیٹ اسٹروک کا شکار فلپائنی خاتون کو اپنے کندھوں پر اٹھایا اور دشوار گزار پہاڑی راستے سے تقریباً تین گھنٹوں میں نیچے منتقل کیا۔
ذرائع کے مطابق علاقے کی دشوار جغرافیائی صورتحال کے باعث ہیلی کاپٹر کے ذریعے خاتون کا ریسکیو ممکن نہیں تھا، جس کے بعد پاکستانی گائیڈ نے غیر معمولی ہمت اور انسان دوستی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خاتون کو محفوظ مقام تک پہنچایا۔
اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی پاکستانی گائیڈ کے جذبے کو سراہا جا رہا ہے اور انہیں انسانیت کی اعلیٰ مثال قرار دیا جا رہا ہے۔






















































































