روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے پاکستان سے متعلق منفی سوال پر بھارتی صحافی کی رائے سے اختلاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک بڑا اور اہم ملک ہے جس کے دنیا کے مختلف ممالک کے ساتھ تعلقات ہیں۔
سینٹ پیٹرزبرگ اقتصادی فورم کے دوران ایک بھارتی صحافی نے پاکستان اور چین کے تعلقات سے متعلق سوال کیا، جس پر صدر پیوٹن نے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ پاکستان کسی ایک ملک کے زیر اثر ہے۔
روسی صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک خودمختار ملک ہے اور اس کے مختلف ممالک کے ساتھ متوازن تعلقات موجود ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ روس اور چین کے درمیان دفاعی اور فوجی تعاون طویل عرصے سے جاری ہے اور مستقبل میں بھی یہ تعاون برقرار رہے گا۔
ایران سے متعلق سوال کے جواب میں ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ روس اور ایران کے درمیان باہمی اعتماد پر مبنی تعلقات ہیں اور روس خطے کے بحرانوں کے حل میں مثبت کردار ادا کر سکتا ہے۔
یوکرین جنگ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے روسی صدر نے دعویٰ کیا کہ روس نے حال ہی میں یوکرین کے مزید علاقے اپنے کنٹرول میں لیے ہیں، تاہم وہ تنازع کے پرامن حل کے لیے مذاکرات پر بھی آمادہ ہیں۔























































































