میکسیکو سٹی میں شاندار اور رنگا رنگ تقریب کے ساتھ فیفا ورلڈ کپ کا باقاعدہ آغاز ہو گیا، جہاں دنیا بھر سے فٹ بال حکام اور نمائندوں نے شرکت کی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی کی قیادت میں دو رکنی پاکستانی وفد نے افتتاحی تقریب اور سرکاری عشائیے میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میکسیکو کی قیادت نے کہا کہ دنیا کے سب سے بڑے فٹ بال ایونٹ کی میزبانی یادگار اور مثالی انداز میں کی جائے گی، جبکہ مقابلوں کو تاریخی کامیابی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
دوسری جانب فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے شاندار افتتاحی تقریب اور بہترین انتظامات پر میزبان ملک کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے ورلڈ کپ کے شریک میزبان ممالک امریکا اور کینیڈا کی جانب سے کی جانے والی تیاریوں اور انتظامات کو بھی سراہا۔
فیفا ورلڈ کپ کی تقریبات کے موقع پر پاکستانی وفد کی مختلف ممالک کی فٹ بال تنظیموں کے عہدیداروں سے ملاقاتیں بھی ہوئیں، جن میں باہمی تعاون، کھیلوں کے فروغ اور دیگر مشترکہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی نے عالمی فٹ بال قیادت سے ملاقاتوں کے دوران پاکستان میں فٹ بال کے فروغ اور بین الاقوامی تعاون کے امکانات پر بھی گفتگو کی۔






















































































