وفاقی بجٹ کے معاملے پر حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان اختلافات تاحال برقرار ہیں، جس کے باعث پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں بجٹ بحث کے دوران اپنی تقریر احتجاجاً ملتوی کر دی۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نوید قمر نے بلاول بھٹو زرداری کو بجٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ مشاورتی عمل کے دوران پیپلز پارٹی کے ساتھ جو بجٹ تجاویز اور مالی اعداد و شمار شیئر کیے گئے تھے، قومی اسمبلی میں پیش کیے جانے والے بجٹ میں ان سے نمایاں اختلافات موجود ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ میں سامنے آنے والے ان فرقوں پر پیپلز پارٹی کی قیادت نے تشویش کا اظہار کیا ہے اور حکومت سے فوری وضاحت طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس مقصد کے لیے پیپلز پارٹی کی ایک اعلیٰ سطحی ٹیم جلد حکومتی نمائندوں سے رابطہ کرے گی تاکہ تحفظات اور اختلافی نکات پر بات چیت کی جا سکے۔
ذرائع کے مطابق بجٹ پر پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں اپنی مجوزہ تقریر بھی مؤخر کر دی۔
سیاسی مبصرین کے مطابق بجٹ کے حوالے سے حکومتی اتحاد کے دو اہم شراکت داروں کے درمیان اختلافات آئندہ دنوں میں مزید سیاسی مشاورت کا سبب بن سکتے ہیں۔




















































































