امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو 300 ملین ڈالر دینے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو مکمل طور پر بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سیاسی مقاصد کے لیے پھیلایا گیا جھوٹا پروپیگنڈا ہے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’’ٹروتھ سوشل‘‘ پر جاری بیان میں کہا کہ یہ دعویٰ کہ امریکا نے ایران کو 300 ملین ڈالر دینے کا فیصلہ کیا ہے، سراسر غلط اور من گھڑت ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہ افواہیں ڈیموکریٹک جماعت سے وابستہ عناصر کی جانب سے جان بوجھ کر پھیلائی جا رہی ہیں تاکہ عوام کو گمراہ کیا جا سکے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کے لیے کسی بھی قسم کی مالی معاونت یا فنڈنگ سے متعلق خبروں میں کوئی حقیقت نہیں اور نہ ہی ایسا کوئی معاہدہ زیر غور ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ وہ کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا۔
امریکی صدر کے بیان کے بعد ایران سے متعلق مبینہ مالی معاونت کی خبروں پر نئی بحث شروع ہوگئی ہے، تاہم اس حوالے سے کوئی سرکاری دستاویز یا باضابطہ معاہدہ سامنے نہیں آیا۔




















































































