مصر نے فیفا ورلڈ کپ میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو 1-3 سے شکست دے کر تاریخ رقم کر دی۔
اس اہم کامیابی میں مصری ٹیم کے کپتان محمد صلاح نے کلیدی کردار ادا کیا اور اپنی شاندار کارکردگی سے ٹیم کی ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی کی امیدوں کو مزید مضبوط بنا دیا۔
میچ کے آغاز میں نیوزی لینڈ نے بہتر کھیل پیش کیا اور پہلے ہاف میں کارنر کک پر فن سرمین کے ہیڈر کے ذریعے برتری حاصل کر لی۔
وقفے تک مصر ایک گول کے خسارے میں رہا، تاہم دوسرے ہاف میں ٹیم نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے میچ کا رخ اپنے حق میں موڑ دیا۔
58ویں منٹ میں مصطفیٰ زیکو نے محمد ہانی کے خوبصورت کراس پر ہیڈر کے ذریعے مصر کیلئے برابری کا گول اسکور کیا۔
چند منٹ بعد محمد صلاح نے شاندار فنشنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مصر کو برتری دلا دی اور میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔
میچ کے آخری لمحات میں محمد صلاح نے ایک اور موقع بنایا جس پر محمود تریزیگیہ نے ہیڈر کے ذریعے گیند جال میں پہنچا کر مصر کی فتح یقینی بنا دی۔
اس کامیابی کے بعد مصر دو میچوں میں چار پوائنٹس کے ساتھ گروپ جی میں پہلی پوزیشن پر آ گیا ہے جبکہ نیوزی لینڈ ایک پوائنٹ کے ساتھ آخری نمبر پر موجود ہے۔
میچ کے اختتام پر مصری شائقین نے بھرپور جشن منایا اور اس کامیابی کو ملکی فٹبال کی تاریخ کا یادگار لمحہ قرار دیا۔





















































































