وزیراعظم شہباز شریف سے اسلام آباد میں ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پارٹی نے اپنے اہم مطالبات اور سیاسی امور پر تفصیلی گفتگو کی۔
ملاقات میں ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی، مصطفیٰ کمال، فاروق ستار اور امین الحق شریک ہوئے، جبکہ حکومت کی جانب سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور رانا ثناء اللہ بھی موجود تھے۔
ایم کیو ایم ذرائع کے مطابق وفد نے وزیراعظم کے سامنے چار اہم نکات اٹھائے اور شہری علاقوں کے لیے خصوصی ترقیاتی پیکج کا مطالبہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران بلدیاتی نظام سے متعلق مجوزہ آئینی ترمیم، سندھ میں گورنر کے عہدے، لاپتا کارکنان کی بازیابی اور شہری مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایم کیو ایم نے شہری علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے وفاقی تعاون بڑھانے اور بلدیاتی اداروں کو مزید اختیارات دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ایم کیو ایم کے مجوزہ آئینی بل اور لاپتا کارکنان کے معاملے پر پیش رفت کیلئے ایک خصوصی کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
ملاقات میں دونوں جانب سے رابطوں اور مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔





















































































