وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے واضح کیا ہے کہ مالکان کی اجازت کے بغیر کسی بھی نجی املاک پر کوئی ٹیلی کمیونیکیشن ٹاور نصب نہیں کیا جائے گا۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن ترمیمی بل پر اٹھائے گئے اعتراضات پر وضاحت دیتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ یہ بل متنازع نہیں، تاہم سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں بعض شقوں پر تحفظات سامنے آئے ہیں جن پر مشاورت جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ بل پر اعتراضات جمہوری عمل کا حصہ ہیں اور تمام تحفظات کو سنجیدگی سے دیکھا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر قانون کے مطابق بل کی چند شقوں میں ابہام موجود تھا، جس پر متعلقہ فریقوں سے بات چیت کی گئی ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ بل میں مزید وضاحت شامل کی جائے گی تاکہ نجی املاک، مالکان کے حقوق اور ٹیلی کمیونیکیشن انفراسٹرکچر سے متعلق کسی قسم کا ابہام باقی نہ رہے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت جدید مواصلاتی نظام کی توسیع کے ساتھ شہریوں کے قانونی اور ملکیتی حقوق کا تحفظ بھی یقینی بنائے گی۔





















































































