نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ چاروں صوبوں کی جانب سے فراہم کی جانے والی وفاقی گرانٹس دفاع سمیت اہم قومی معاملات پر خرچ کی جائیں گی۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ وفاقی گرانٹس کی فراہمی میں صوبوں کا کردار قابلِ ستائش ہے اور یہ اقدام قومی مفاد میں اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے خطے میں امن کے لیے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے کشیدگی کے خاتمے اور سفارتی حل کے لیے فعال کردار ادا کیا۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ایران پر حملے کی مذمت کرنے والا پاکستان پہلا ملک تھا اور پاکستان نے ابتدا ہی سے خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھیں۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم مسلسل مختلف ممالک کے رہنماؤں سے رابطے میں رہے جبکہ پاکستان نے کشیدگی میں کمی کے لیے ہر ممکن سفارتی کردار ادا کیا۔
نائب وزیراعظم کے مطابق پاکستان کی کوششوں سے عارضی جنگ بندی ممکن ہوئی اور 47 برس بعد ایران اور امریکا کے درمیان براہِ راست مذاکرات کا انعقاد بھی ممکن بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان ثالث کے طور پر کردار ادا کیا اور حکومت کی خواہش تھی کہ تمام معاملات اسلام آباد میں طے پائیں۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ پاکستان آئندہ بھی خطے میں امن، استحکام اور سفارت کاری کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔





















































































