میٹا کی ملکیت والی انسٹنٹ میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے صارفین کی پرائیویسی مزید بہتر بنانے کے لیے نیا یوزرنیم فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جس کے ذریعے صارفین فون نمبر ظاہر کیے بغیر ایک دوسرے سے رابطہ کر سکیں گے۔
کمپنی کے مطابق یہ فیچر آئندہ چند ماہ کے دوران مرحلہ وار دنیا بھر میں واٹس ایپ کے تقریباً 3 ارب صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔
واٹس ایپ نے بتایا کہ پیر سے صارفین ایپ کے ذریعے اپنا منفرد یوزرنیم محفوظ کر سکیں گے، تاہم یوزرنیم بنانا لازمی نہیں ہوگا۔
اس فیچر کے فعال ہونے کے بعد صارفین صرف یوزرنیم کے ذریعے ایک دوسرے کو تلاش کر کے چیٹ کر سکیں گے، جبکہ ناپسندیدہ پیغامات بھیجنے والوں کو بلاک یا رپورٹ کرنے کی سہولت بھی موجود رہے گی۔
کمپنی کے مطابق ہر یوزرنیم زیادہ سے زیادہ 35 حروف پر مشتمل ہوگا، جبکہ صارفین کسی بھی وقت اپنا یوزرنیم تبدیل یا حذف بھی کر سکیں گے۔
واٹس ایپ نے واضح کیا ہے کہ معروف شخصیات اور اعلیٰ سرکاری عہدیداروں کے نام عام صارفین کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے تاکہ جعل سازی اور دھوکہ دہی سے بچا جا سکے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ نیا فیچر صارفین کی پرائیویسی اور محفوظ رابطے کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔






















































































