فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میں کرسٹیانو رونالڈو کا جادو نہ چل سکا اور اسپین نے پرتگال کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا۔
ڈیلاس میں کھیلے گئے میچ میں اسپین نے پرتگال کے مقابلے میں نسبتاً بہتر کھیل پیش کیا۔ پرتگال کے 10 حملوں کے مقابلے میں اسپین نے 15 مرتبہ حریف کے گول پر حملہ کیا۔
ایک جانب نوجوان لامین یامال تھے تو دوسری طرف تجربہ کار کرسٹیانو رونالڈو، لامین یامال نے کئی مرتبہ پرتگال کے دفاع میں شگاف پیدا کیا اور ساتھی کھلاڑیوں کو گول کے مواقع فراہم کیے، تاہم اسپین ان مواقع سے فائدہ نہ اٹھا سکا۔
میچ کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا، جبکہ دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیمیں مسلسل کوششوں کے باوجود گول اسکور نہ کرسکیں۔
انجری ٹائم کے پہلے منٹ میں اسپین نے ایک شاندار موو بنائی جس پر میکائیل میرینو نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔
اسپین نے یہ برتری آخری سیٹی تک برقرار رکھی اور پرتگال کو 0-1 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔
گزشتہ ورلڈ کپ کی طرح اس مرتبہ بھی کرسٹیانو رونالڈو کا عالمی چیمپئن بننے کا خواب پورا نہ ہوسکا اور وہ نم آنکھوں کے ساتھ میدان سے واپس لوٹے۔
اس فتح کے ساتھ اسپین نے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، جہاں اس کا مقابلہ بیلجیئم یا امریکا سے ہوگا۔





















































































