فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ سرحد پار سے ہونے والی دہشتگردی کو ریاست کی پوری قوت سے کچل دیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا دورہ کیا اور نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس کے گریجویٹ افسران سے خطاب کیا۔
کورس میں تینوں مسلح افواج کے افسران شریک تھے۔ فیلڈ مارشل نے جنگ کی بدلتی ہوئی نوعیت پر روشنی ڈالی اور مسلح افواج کی صلاحیتوں، بلند حوصلے اور آپریشنل تیاری پر اعتماد کا اظہار کیا۔
شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی جیسے ادارے مستقبل کی عسکری اور سول قیادت کو ہائبرڈ خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار کر رہے ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ دشمن ایجنسیوں کی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی عناصر کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی اور سرحد پار سے ہونے والی دہشتگردی کو ریاست کی پوری قوت سے کچل دیا جائے گا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج دشمن کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کی سرگرمیوں سے مکمل طور پر باخبر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پراکسی عناصر کو پاکستان کے امن اور خوشحالی کو نقصان پہنچانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔
فیلڈ مارشل کے مطابق مسلح افواج قوم کی حمایت کے ساتھ پراکسی عناصر کے ٹھکانوں اور دہشتگردوں کے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ یقینی بنائیں گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے کہا کہ پیچیدہ اسٹریٹیجک چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اسٹریٹیجک بصیرت اور ادارہ جاتی پیشہ ورانہ مہارت بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنگیں بیان بازی یا سیاسی نعروں سے نہیں بلکہ ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط سے جیتی جاتی ہیں۔





















































































