قطر نے ایران کے خلاف کسی بھی فوجی کارروائی میں شامل ہونے سے متعلق اسرائیلی میڈیا میں شائع ہونے والی خبروں کو مسترد کر دیا ہے۔
قطر کے انٹرنیشنل میڈیا آفس نے اپنے بیان میں کہا کہ بعض اسرائیلی میڈیا اداروں کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ قطر نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی میں حصہ لینے پر رضامندی ظاہر کی، تاہم یہ رپورٹس بے بنیاد اور غلط ہیں۔
بیان کے مطابق ایسے الزامات ان عناصر کی جانب سے پھیلائے جا رہے ہیں جو قطر کو تنازع میں گھسیٹنا، اس کے ثالثی کے کردار کو کمزور کرنا اور خطے میں مزید کشیدگی پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
قطری حکام نے کہا کہ تنازع کے آغاز سے ہی واضح کیا جا چکا ہے کہ قطر نے کسی بھی ہمسایہ ملک کے خلاف فوجی کارروائی میں حصہ لیا ہے اور نہ ہی آئندہ ایسا کرنے کا کوئی ارادہ رکھتا ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا آفس نے کہا کہ قطر اس قسم کی گمراہ کن اطلاعات کو اپنی فعال سفارتی کوششوں پر اثر انداز نہیں ہونے دے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ قطر علاقائی اور عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر تنازع کے خاتمے اور تمام فریقوں کے خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک جامع اور پائیدار حل کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔























































































