ایران کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ دستخط شدہ مفاہمتی یادداشت (MoU) کے متن میں کسی قسم کا ابہام موجود نہیں اور آبنائے ہرمز سے متعلق امور خطے کے ممالک سے مشاورت کے ذریعے آگے بڑھائے جائیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ آبنائے ہرمز سے متعلق معاملات پر عمان اور دیگر علاقائی ممالک کے ساتھ مسلسل مشاورت جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے ابتدا ہی سے واضح کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے مستقبل کے انتظام سے متعلق بنیادی ذمہ داری ایران پر عائد ہوتی ہے۔
اسماعیل بقائی کے مطابق امریکا کے ساتھ دستخط شدہ مفاہمتی یادداشت مختصر ہے اور اس میں مجموعی طور پر 14 شقیں شامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مفاہمتی یادداشت کے متن میں کسی قسم کا ابہام موجود نہیں اور اس کی شقیں واضح ہیں۔
ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے مفاہمتی یادداشت کی مزید تفصیلات یا اس کے نکات عوامی سطح پر جاری نہیں کیے گئے۔























































































