وفاقی حکومت نے سرکاری اخراجات میں کمی لانے کے لیے رواں مالی سال بھی کفایت شعاری کے اقدامات جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے کفایت شعاری اقدامات میں توسیع کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد کابینہ ڈویژن نے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے وزارت خزانہ کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔
فیصلے کے تحت گزشتہ تین سال سے خالی تمام سرکاری آسامیوں کو ختم کر دیا جائے گا، جبکہ نئی آسامیوں کی تخلیق پر پابندی برقرار رہے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران ہر قسم کی سرکاری گاڑیوں کی خریداری کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔
اس کے علاوہ مشینری اور آلات کی خریداری پر عائد پابندی بھی برقرار رکھی گئی ہے۔
فیصلے کے مطابق سرکاری خرچ پر بیرون ملک علاج اور غیر ضروری غیر ملکی دوروں پر عائد پابندی بھی بدستور نافذ رہے گی۔
ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ کفایت شعاری کے ان اقدامات سے متعلق باقاعدہ نوٹیفکیشن جلد جاری کر سکتی ہے۔























































































