امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد قیمتیں تقریباً ایک ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق برینٹ کروڈ کی قیمت 2.77 ڈالر یا 3.14 فیصد اضافے کے بعد 90.87 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جو 11 جون کے بعد بلند ترین سطح ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے برینٹ کروڈ کی قیمت میں مجموعی طور پر 15.9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو اپریل کے بعد سب سے بڑا ہفتہ وار اضافہ ہے۔
اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کروڈ کی قیمت 2.35 ڈالر یا 2.85 فیصد اضافے کے ساتھ 84.84 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جو 12 جون کے بعد بلند ترین سطح ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق گزشتہ ہفتے ڈبلیو ٹی آئی کروڈ کی قیمت میں 15.5 فیصد اضافہ ہوا، جو مارچ کے اوائل کے بعد سب سے بڑا ہفتہ وار اضافہ قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب امریکا میں بھی پیٹرول کی ریٹیل قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے بعد ایک گیلن پیٹرول کی قیمت 4 ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی کے آغاز کے بعد امریکا میں پیٹرول کی قیمتوں میں 30 فیصد سے زائد اضافہ ہو چکا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق خطے میں جاری کشیدگی میں تاحال کمی کے آثار نہیں، جبکہ امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ حملوں اور جوابی کارروائیوں نے عالمی توانائی مارکیٹ میں بے یقینی کو مزید بڑھا دیا ہے۔























































































