یمن کی حوثی تنظیم انصار اللہ نے سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام یمن پر عائد کیے گئے محاصرے کے جواب میں کیا جا رہا ہے۔
انصار اللہ کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی نافذ کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق یہ فیصلہ یمن پر عائد مبینہ محاصرے اور صنعا ایئرپورٹ کی بندش کے ردعمل میں کیا گیا ہے۔
ترجمان نے مزید دعویٰ کیا کہ صنعا ایئرپورٹ کی بندش ناقابل قبول ہے اور اس کا جواب اسی نوعیت کے اقدامات سے دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں حوثیوں نے سعودی عرب پر صنعا ایئرپورٹ پر فضائی حملوں کا الزام عائد کیا تھا اور جوابی کارروائی کا اعلان کیا تھا۔
اس کے بعد حوثیوں نے سعودی عرب کی جانب میزائل حملے کیے تھے، جنہیں سعودی حکام کے مطابق ناکام بنا دیا گیا۔
دریں اثنا برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کے بعد پاکستان نے ایران کو واضح پیغام دیا ہے کہ سعودی عرب اس کی “سرخ لکیر” ہے اور مملکت پر کسی بھی حملے کو پاکستان پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔























































































