حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کا اطلاق 22 جولائی سے ہوگا۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 93 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 320 روپے 73 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 15 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل 367 روپے 21 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔
حکومت نے مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 6 روپے 78 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 289 روپے 37 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب آل پاکستان پیٹرول پمپس ایسوسی ایشن نے وزارتِ پیٹرولیم کے ساتھ مذاکرات ناکام ہونے کے بعد ملک بھر میں پیٹرول پمپ بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری نعمان علی بٹ نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی کا مجوزہ نظام قابل قبول نہیں، اس لیے تنظیم حکومت کے ڈیلی پرائس مکینزم کو مسترد کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کی ناکامی کے بعد ملک بھر کے پیٹرول پمپ آج رات 12 بجے سے غیر معینہ مدت کے لیے بند کیے جائیں گے۔






















































































