بلوچستان کے اضلاع سوراب اور مستونگ میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے 10 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ دو مبینہ خودکش حملہ آور خواتین اور ایک مبینہ سہولت کار کو گرفتار کر لیا گیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران کی جانے والی انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع سوراب میں 7 جبکہ مستونگ میں 3 مبینہ دہشت گرد مارے گئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ گرفتار ہونے والوں میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والی دو مبینہ خودکش حملہ آور خواتین اور ایک مبینہ سہولت کار شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈیز) بھی برآمد کیا گیا۔
فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کی تلاش کے لیے کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا، جبکہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں عزمِ استحکام کے تحت بلاامتیاز جاری رہیں گی۔
واضح رہے کہ یہ تفصیلات آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان پر مبنی ہیں، جبکہ اس حوالے سے کسی آزاد ذریعے سے تصدیق سامنے نہیں آئی۔



















































































