کراچی میں ٹماٹر کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری ہے، جہاں ایرانی ٹماٹروں کی درآمد کے باوجود صارفین کو قیمتوں میں کوئی نمایاں ریلیف نہیں مل سکا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں ٹماٹر 450 سے 500 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کیے جا رہے ہیں، جبکہ بعض دکانوں پر ان کی قیمت 110 سے 125 روپے فی پاؤ تک پہنچ گئی ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ متعدد تاجر ایرانی اور کوئٹہ سے آنے والے ٹماٹر 450 سے 500 روپے فی کلو کے درمیان فروخت کر رہے ہیں۔
دوسری جانب کچھ مقامات پر نسبتاً چھوٹے سائز اور کچے ٹماٹر بھی 400 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کیے جا رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹماٹر کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے گھریلو بجٹ پر اضافی بوجھ ڈال دیا ہے، جبکہ ایرانی ٹماٹروں کی آمد کے باوجود قیمتوں میں خاطر خواہ کمی نہیں آ سکی۔



















































































