ایران پر امریکی حملوں کے نئے سلسلے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت 1.93 ڈالر، یعنی تقریباً 2 فیصد اضافے کے بعد 96 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جو 8 جون کے بعد اس کی بلند ترین سطح ہے۔
دوسری جانب امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت 1.44 ڈالر یا 1.7 فیصد بڑھ کر 88.27 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔
گزشتہ کاروباری سیشن کے دوران بھی برینٹ خام تیل کی قیمت میں 3 ڈالر سے زائد اضافہ ہوا تھا اور یہ 94.07 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئی تھی، جبکہ ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت میں بھی بدھ کو تقریباً 3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق قیمتوں میں حالیہ اضافہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکی افواج نے ایران پر حملوں کا نیا سلسلہ شروع کیا، جبکہ یمن کے حوثیوں کی جانب سے بحیرۂ احمر میں آئل ٹینکروں پر حملوں کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور تیل کی ترسیل میں ممکنہ رکاوٹوں کے خدشات کے باعث عالمی توانائی منڈی میں غیر یقینی صورتحال میں اضافہ ہوا ہے۔



















































































