پاکستان نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے حالیہ بیانات کو اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے ان کی سخت مذمت کی ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا مؤثر جواب دینے اور اسے ناکام بنانے کے لیے مکمل طور پر تیار اور پُرعزم ہے۔
ترجمان کے مطابق بھارتی وزیر دفاع کا بیان جموں و کشمیر سے متعلق حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر بدستور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ایک بین الاقوامی تنازع ہے۔
دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت کی جانب سے اس نوعیت کے بیانات خطے اور دنیا کے امن کو خطرے میں ڈالنے والی پالیسی کی عکاسی کرتے ہیں۔ بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ بھارت اشتعال انگیز بیانات کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں اپنی پالیسیوں، خطے میں دہشت گردی کی مبینہ سرپرستی اور داخلی مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت پاکستان کے عزم کو کمزور نہ سمجھے، کیونکہ پاکستانی قوم اور مسلح افواج نے گزشتہ سال آپریشن بنیان المرصوص کے دوران اپنے عزم کا عملی مظاہرہ کیا تھا۔
دفتر خارجہ نے عالمی برادری، بالخصوص اقوام متحدہ، سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے مبینہ غیر ذمہ دارانہ رویے کا نوٹس لے اور کشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کے حوالے سے بھارت کو جوابدہ ٹھہرائے۔
بھارت کی جانب سے پاکستان کے اس بیان پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔


















































































