محکمہ موسمیات نے آج سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے اضلاع تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص اور گرد و نواح میں بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
کراچی میں بھی آج بوندا باندی یا ہلکی بارش متوقع ہے، جس سے موسم نسبتاً خوشگوار رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے ڈیرہ غازی خان اور شمال مشرقی بلوچستان میں موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے ندی نالوں میں طغیانی کے خدشے کا بھی اظہار کیا ہے۔
حکام نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ شدید بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، نشیبی علاقوں اور برساتی نالوں کے قریب احتیاط برتیں، جبکہ متعلقہ ادارے ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہیں۔

















































































