آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کے 13 حلقوں میں سے 12 کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج مکمل ہو گئے ہیں، جن کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے واضح برتری حاصل کرتے ہوئے 8 نشستیں جیت لی ہیں، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی 4 نشستوں پر کامیاب رہی ہے۔
میرپور، کوٹلی اور بھمبر کے 13 حلقوں میں پیر کو پولنگ ہوئی۔ مقررہ وقت شام 5 بجے ختم ہونے کے بعد پولنگ اسٹیشنز پر موجود ووٹرز کے لیے ایک گھنٹے کی اضافی مہلت دی گئی، جس کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع ہوا۔
اب تک موصول ہونے والے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے ایل اے 1 میرپور 1، ایل اے 4 میرپور 4، ایل اے 5 بھمبر 1، ایل اے 7 بھمبر 3، ایل اے 9 کوٹلی 2، ایل اے 11 کوٹلی 4، ایل اے 12 کوٹلی 5 اور ایل اے 13 کوٹلی 6 میں کامیابی حاصل کی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی نے ایل اے 2 میرپور 2، ایل اے 3 میرپور 3، ایل اے 8 کوٹلی 1 اور ایل اے 10 کوٹلی 3 میں کامیابی حاصل کی ہے۔
غیر حتمی نتائج کے مطابق:
- ایل اے 1 سے مسلم لیگ (ن) کے اظہر صادق کامیاب ہوئے۔
- ایل اے 2 سے پیپلز پارٹی کے قاسم مجید نے کامیابی حاصل کی۔
- ایل اے 3 سے پیپلز پارٹی کے چوہدری یاسر سلطان کامیاب قرار پائے۔
- ایل اے 4 سے مسلم لیگ (ن) کے چوہدری رخسار احمد کامیاب ہوئے۔
- ایل اے 5 سے مسلم لیگ (ن) کے وقار احمد نور نے کامیابی حاصل کی۔
- ایل اے 7 سے مسلم لیگ (ن) کے چوہدری طارق فاروق کامیاب رہے۔
- ایل اے 8 سے پیپلز پارٹی کے ظفر اقبال ملک کامیاب ہوئے۔
- ایل اے 9 سے مسلم لیگ (ن) کے عمیر نعیم نے میدان مارا۔
- ایل اے 10 سے پیپلز پارٹی کے چوہدری محمد یاسین کامیاب قرار پائے۔
- ایل اے 11 سے مسلم لیگ (ن) کے محمد آصف کامیاب ہوئے۔
- ایل اے 12 سے مسلم لیگ (ن) کے محمد ریاست خان نے کامیابی حاصل کی۔
- ایل اے 13 سے مسلم لیگ (ن) کے راجہ ایاز احمد خان فاتح قرار پائے۔
ادھر ایل اے 6 بھمبر 2 کے نتائج تاحال مکمل نہیں ہوئے۔ غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد رزاق کو برتری حاصل ہے، جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے علی شان چوہدری دوسرے نمبر پر ہیں۔
یہ تمام نتائج غیر حتمی اور غیر سرکاری ہیں، جبکہ حتمی کامیابی کا اعلان الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر کی جانب سے سرکاری نتائج جاری ہونے کے بعد کیا جائے گا۔


















































































