کراچی میں شارع فیصل پر جامعہ کراچی کی ایک بس کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار ایک لڑکی جاں بحق جبکہ اس کے والدین معمولی زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق یہ حادثہ عوامی مرکز کے قریب پیش آیا، جہاں جامعہ کراچی کی بس نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار سویرا موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئی، جبکہ ان کے والدین معمولی زخمی ہوئے۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے بعد بس کا ڈرائیور فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا، تاہم شہریوں نے اس کا تعاقب کرکے اسے پکڑ لیا اور پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس نے بس کو اپنی تحویل میں لے کر متعلقہ تھانے منتقل کر دیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والی لڑکی اپنے والدین کے ہمراہ ایئرپورٹ جا رہی تھی اور اس کا تعلق محمود آباد کے علاقے چنیسر گوٹھ سے تھا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ اوور ٹیکنگ کے دوران پیش آیا، تاہم پولیس واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے۔





















































































