کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملک کے زرمبادلہ ذخائر سے متعلق تازہ اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں، جن کے مطابق جولائی کے آخری ہفتے کے دوران مجموعی ذخائر میں 3 کروڑ 25 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق اضافے کے بعد مجموعی زرمبادلہ ذخائر 22 ارب 47 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔
مرکزی بینک کے پاس موجود ذخائر میں ایک کروڑ 31 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا، جس کے بعد ان کی مالیت 17 ارب 4 کروڑ ڈالر ہو گئی۔
دوسری جانب کمرشل بینکوں کے ذخائر میں بھی ایک کروڑ 94 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد ان کا حجم 5 ارب 43 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق زرمبادلہ ذخائر میں یہ اضافہ ملک کی بیرونی مالی پوزیشن کے لیے مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔





















































































