کراچی: وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ کراچی حیدرآباد روڈ کسی بھی طرح موٹر وے کہلانے کے لائق نہیں، جبکہ سکھر سے حیدرآباد اور کراچی تک نئی موٹر وے کی تعمیر کا کام رواں سال شروع کردیا جائے گا۔
کراچی میں گورنر ہاؤس میں ٹرانسپورٹرز کے ساتھ مذاکرات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ موجودہ کراچی حیدرآباد روڈ موٹر وے کے مطلوبہ معیار پر پورا نہیں اترتی اور اسے کسی بھی طرح موٹر وے نہیں کہا جاسکتا۔
وفاقی وزیر مواصلات نے اعلان کیا کہ سکھر سے حیدرآباد اور کراچی تک نئی موٹر وے کی تعمیر کا کام اسی سال شروع کیا جائے گا۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ حکومت کسی ایسے معاملے میں نہیں پڑنا چاہتی جس سے نیا تنازع پیدا ہو۔
ٹرانسپورٹرز کے ساتھ ہونے والے مذاکرات سے متعلق وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کے جو مسائل فوری طور پر حل کیے جاسکتے تھے انہیں حل کردیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بعض مطالبات پر عملدرآمد کے لیے رسمی کارروائیاں مکمل کرنا ضروری ہیں اور ان معاملات کو آگے بڑھانے کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔




















































































