راولپنڈی: راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے، جبکہ نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 17 فٹ تک پہنچ گئی۔
جڑواں شہروں میں شدید بارش کے باعث مختلف سڑکوں اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ گولڑہ میں سب سے زیادہ 144 ملی میٹر جبکہ بوکرہ میں 132 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق پیر ودھائی میں 105 ملی میٹر، گوالمنڈی میں 77 ملی میٹر، کچہری میں 60 ملی میٹر اور شمس آباد میں 41 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
موسلادھار بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ ہوا اور گوالمنڈی پل کے مقام پر پانی کا بہاؤ 15 فٹ تک پہنچ گیا۔
راولپنڈی کے ڈھوک کھبہ اور صادق آباد سمیت بعض نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا، جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ضلعی انتظامیہ نے نالہ لئی کے اطراف رہنے والے شہریوں کو محتاط رہنے اور صورتحال پر نظر رکھنے کی ہدایت کردی ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آج سے 21 اگست تک ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں مزید بارشوں کا الرٹ جاری کردیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، بالائی پنجاب، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش کا امکان ہے۔
فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا ڈیم، کالاباغ، چشمہ، تونسہ اور گڈو بیراج کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، جبکہ ملک کے دیگر دریاؤں میں صورتحال معمول کے مطابق ہے۔





















































































