تہران: ایران کے جنوبی صوبے فارس میں قدرتی گیس کے بڑے نئے ذخائر دریافت ہوئے ہیں، جہاں نئی گیس فیلڈ میں 7.5 ٹریلین کیوبک فٹ سے زائد گیس موجود ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق نئی دریافت ہونے والی گیس فیلڈ ایران کے جنوبی صوبے فارس میں واقع ہے اور ابتدائی اندازوں کے مطابق اس میں قدرتی گیس کے وسیع ذخائر موجود ہیں۔
ایرانی وزیر تیل محسن پاک نژاد نے بتایا کہ گیس فیلڈ میں موجود مجموعی ذخائر میں سے تقریباً 5.7 ٹریلین کیوبک فٹ گیس قابل حصول ہے۔
ان کے مطابق قابل حصول گیس کی یہ مقدار ایران کی بڑی ساؤتھ پارس گیس فیلڈ کے ایک فیز سے تقریباً 15 سال کی پیداوار کے برابر ہے، جس سے نئی دریافت کی اہمیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔
ایرانی وزیر تیل نے بتایا کہ نئی فیلڈ میں دریافت ہونے والی گیس سویٹ گیس ہے، جس کے باعث اسے پیداوار کے قابل بنانے کے عمل اور پیداواری اخراجات میں کمی آنے کی توقع ہے۔
سویٹ گیس میں سلفر اور دیگر ناپسندیدہ اجزا نسبتاً کم ہوتے ہیں، جس کے باعث اس کی پروسیسنگ زیادہ آسان اور کم لاگت ہوسکتی ہے۔
محسن پاک نژاد کے مطابق نئی گیس فیلڈ میں گیس کنڈینسیٹ کے بھی نمایاں ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔
ایرانی وزیر تیل کا کہنا ہے کہ گیس کنڈینسیٹ کے یہ ذخائر ایران کے لیے اربوں ڈالر کی اضافی آمدن کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔
نئی دریافت ایران کے قدرتی گیس کے ذخائر اور مستقبل کی توانائی پیداوار میں مزید اضافے کا باعث بن سکتی ہے۔





















































































