اسلام آباد: پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے “پروٹوکول معاہدہ 2026” طے پاگیا ہے، جس کے تحت پاک فوج کویتی افواج کو تربیت، استعدادِ کار میں اضافے اور سرحدی انتظام سمیت مختلف شعبوں میں معاونت فراہم کرے گی۔
وزارت دفاع کے مطابق پاک کویت “پروٹوکول معاہدہ 2026” پر دستخط کیے گئے ہیں، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان موجود دفاعی تعاون کو مزید مضبوط اور وسیع کرنا ہے۔
معاہدے کے تحت پاک فوج کویت کی افواج کو مختلف دفاعی شعبوں میں معاونت فراہم کرے گی۔
وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ تعاون کے شعبوں میں تربیت، کویتی افواج کی استعدادِ کار میں اضافہ، سرحدی انتظام اور دفاعی تعاون کے دیگر باہمی طور پر طے شدہ شعبے شامل ہوں گے۔
اس سلسلے میں کویتی وزیر دفاع کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے پاکستان کی وزارت دفاع کا دورہ کیا۔
وفد میں کویتی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل خالد دراج سعد الشریعان سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی شامل تھے۔
کویتی وفد نے وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات اور تعاون کو مزید آگے بڑھانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس کے علاوہ کویت کے وزیر دفاع شیخ عبداللہ کی سربراہی میں وفد نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا بھی دورہ کیا۔
جی ایچ کیو کے دورے کے دوران کویتی وفد نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فریقین نے دونوں برادر ممالک کے درمیان موجود باہمی دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور کویت کے دوطرفہ تعلقات کو ایک پائیدار اور باہمی مفاد پر مبنی دفاعی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔






















































































