واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا کے تیل کو استعمال کرتے ہوئے امریکا کے اسٹریٹجک قومی تیل ذخائر دوبارہ بھرنے کا اعلان کردیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ وینزویلا سے حاصل ہونے والے تیل کے ذریعے امریکا اپنے تیل کے ذخائر میں ہونے والی کمی کو پورا کرے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق وینزویلا کے تیل سے امریکا کے اسٹریٹجک پیٹرولیم ذخائر کو دوبارہ بھرا جائے گا اور اس عمل کا آغاز بہت جلد کردیا جائے گا۔
امریکی صدر نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ امریکا کے تیل کے ذخائر سابق صدر جو بائیڈن کے دور حکومت میں خالی ہوئے تھے اور اب انہیں دوبارہ بھرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکا ایران جنگ کے بعد عالمی سطح پر تیل کی فراہمی شدید متاثر ہوئی ہے، جس کے باعث توانائی کی عالمی منڈی بھی دباؤ کا شکار ہے۔
امریکی محکمہ توانائی کے مطابق ملک کے پیٹرولیم ذخائر 44 سال کی کم ترین سطح پر آگئے ہیں۔
یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب صدر ٹرمپ نے چند روز قبل وینزویلا کے ساتھ دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا تیل معاہدہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
ٹرمپ کے مطابق اس معاہدے کے تحت امریکا نے وینزویلا کے 65 ارب بیرل سے زائد ثابت شدہ تیل ذخائر پر اکثریتی کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ امریکا کے تیل کے ذخائر کو دوگنا سے بھی زیادہ کرنے، تیل کی رسد میں نمایاں اضافہ کرنے اور مستقبل میں امریکی شہریوں کے لیے پیٹرول کی قیمتوں میں کمی لانے میں مدد دے گا۔























































































