بشکیک: وزیراعظم شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان مملکت کونسل اجلاس کے اعلامیے پر دستخط کردیے، جبکہ پاکستان 2026-27 کے لیے تنظیم کی سربراہان مملکت کونسل کی صدارت سنبھالے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایس سی او سربراہان مملکت کونسل کے اجلاس کے اعلامیے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی اور پاکستان کی جانب سے دستاویز پر دستخط کیے۔
اجلاس میں شریک دیگر ایس سی او رکن ممالک کے سربراہان نے بھی مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے۔
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور چین کے صدر شی جن پنگ بھی اعلامیے پر دستخط کرنے والے عالمی رہنماؤں میں شامل ہیں۔
اجلاس کے موقع پر پاکستان کے لیے ایک اہم پیشرفت سامنے آئی ہے اور پاکستان 2026-27 کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہان مملکت کونسل کی صدارت سنبھالے گا۔
دوسری جانب نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بشکیک میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی۔
دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کے اجلاس سے قبل ہوئی۔






















































































