عالمی منڈی میں امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے اثرات تیل کی قیمتوں پر پڑنے لگے ہیں اور مختلف اقسام کے خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت بڑھ کر 96 ڈالر 54 سینٹ فی بیرل ہوگئی جبکہ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی 91 ڈالر 71 سینٹ فی بیرل پر پہنچ گیا۔
مربن خام تیل کی قیمت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا اور اس کی قیمت 7 ڈالر فی بیرل اضافے کے بعد 106 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں یہ اضافہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور توانائی کی عالمی منڈی میں تیل کی رسد سے متعلق خدشات پائے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا سلسلہ جاری ہے۔
حکومت پاکستان نے 2 ستمبر کے لیے پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے 8 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 343 روپے 87 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 51 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 370 روپے 92 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی ہے۔






















































































