واشنگٹن: امریکا نے سعودی عرب کو 5 ارب ڈالر مالیت کے جدید بم فروخت کرنے کی منظوری دے دی جبکہ عمان اور عراق کے لیے بھی الگ الگ دفاعی سودوں کی منظوری دی گئی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق سعودی عرب کو 5 ارب ڈالر مالیت کے جوائنٹ ڈائریکٹ اٹیک میونیشنز ایکسٹینڈڈ رینج کی فروخت کی منظوری دی گئی ہے، جس کا بنیادی ٹھیکہ بوئنگ کو دیا جائے گا۔
اس کے علاوہ سعودی عرب کو 75 کروڑ ڈالر مالیت کے اے جی ٹی 1500 انجن فروخت کرنے کی بھی علیحدہ منظوری دی گئی ہے۔ یہ انجن لڑاکا ٹینکوں میں استعمال کیے جاتے ہیں اور اس معاہدے کا بنیادی ٹھیکہ ہنی ویل کو ملے گا۔
امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ مجوزہ فروخت سے سعودی عرب کی موجودہ اور مستقبل کے خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت بہتر ہوگی جبکہ اس کی دفاعی تیاری، آپریشنل ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت اور دفاعی تعاون میں بھی بہتری آئے گی۔
دوسری جانب امریکا نے عمان اور عراق کے لیے بھی دو مزید دفاعی سودوں کی منظوری دی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق عمان کو ایف 16 طیاروں کی دیکھ بھال اور معاونت کی خدمات فراہم کرنے کے لیے 18 کروڑ 80 لاکھ ڈالر مالیت کے ممکنہ معاہدے کی منظوری دی گئی ہے۔
عراق کو بھی 15 کروڑ ڈالر مالیت کے بیل 412 ای پی ایکس ہیلی کاپٹرز فروخت کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔





















































































