حیدرآباد: چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ دھرتی ماں پاکستان ہے جو ناقابل تقسیم ہے جبکہ باقی سب انتظامی یونٹ ہیں۔
حیدرآباد میں یوم دفاع و شہدا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اقتدار ایک جاگیردار سے نکل کر دوسرے جاگیردار کے پاس آکر پھنس چکا ہے، جب فیصلے نہیں آتے تو پھر سڑکوں پر فیصلے ہوتے ہیں اور ایم کیو ایم نے سڑکیں دیکھی ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے سامنے یہ فیصلہ ہوجانا چاہیے کہ دھرتی ماں پاکستان ہے جو ناقابل تقسیم ہے جبکہ باقی سب انتظامی یونٹ ہیں۔
18ویں آئینی ترمیم سے متعلق خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم اس ترمیم میں اس لیے شریک ہوئی کیونکہ اگر وہ شریک نہ بھی ہوتی تو پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) مل کر یہ ترمیم کرلیتے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال قبل پاکستانیوں کی کوئی قدر نہیں تھی لیکن آج عالمی طاقتیں اپنے مسائل کے حل کے لیے پاکستان کے فیلڈ مارشل اور وزیراعظم کی طرف دیکھ رہی ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے دعویٰ کیا کہ پاکستان نے تیسری عالمی جنگ رکوائی اور آج پاکستان عالمی طاقتوں کے ساتھ آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر عزت کے ساتھ بات کرتا ہے۔






















































































