اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ فضائیہ کے موقع پر پاک فضائیہ کے افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مئی 2025 میں پاک فضائیہ نے افواج پاکستان کی دیگر سروسز کے ساتھ مثالی ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا اور معرکہ حق میں جرأت مندانہ اور غیر معمولی جنگی مہارت کے ذریعے دشمن کو شکست دی۔
1965 کی جنگ میں 7 ستمبر کو لڑے جانے والے تاریخی فضائی معرکے کی یاد میں آج ملک بھر میں یومِ فضائیہ منایا جا رہا ہے۔
یومِ فضائیہ پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاک فضائیہ نے کئی دہائیوں کے دوران فضائی معرکوں میں اپنی مہارت اور برتری کا لوہا منوایا ہے اور یہ ممتاز ادارہ قربانی، شجاعت اور پیشہ ورانہ مہارت کی قابلِ فخر تاریخ رکھتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاک فضائیہ نے ہمیشہ قوم کی پکار پر بے مثال جرأت اور بہادری کے ساتھ لبیک کہا، ستمبر 1965 میں ملکی فضائی حدود کے دفاع کے لیے پاک فضائیہ کا عزم دیدنی تھا اور اسی جوش و ولولے نے فضائیہ کے شاہینوں کو فضاؤں میں کامیابی سے ہمکنار کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے مادر وطن کے دفاع کے لیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور عظیم شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنا پوری قوم کے لیے اعزاز ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مئی 2025 میں پاک فضائیہ نے افواج پاکستان کی دیگر سروسز کے ساتھ مثالی ہم آہنگی دکھائی اور معرکہ حق میں جرأت مندانہ اور غیر معمولی جنگی مہارت کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ بہترین منصوبہ بندی اور کثیرالجہتی جنگی صلاحیتوں کے ذریعے دشمن کو شکست دی گئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ قوم کو اس بات پر فخر ہے کہ پاک فضائیہ نے تعداد میں کم ہونے کے باوجود دشمن کا مقابلہ کیا۔
انہوں نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ کامیابی اور ترقی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ پاک فضائیہ ہمیشہ کی طرح مستقبل میں بھی ہر چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہے گی۔






















































































