ریاض: سعودی عرب کے مختلف شہروں میں یمن کی حوثی جماعت انصار اللہ کے حملوں کے نتیجے میں 73 افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
سعودی اتحادی فورس کے مطابق حوثیوں نے ابہا، خمیس مشیط، نجران اور جازان کو حملوں کا نشانہ بنایا۔
اتحادی فورس کا کہنا ہے کہ حملوں میں سعودی شہروں میں شہری اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 73 افراد زخمی ہوئے۔
سعودی اتحادی فورس نے حملوں کا سخت جواب دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کارروائیوں کا بھرپور ردعمل دیا جائے گا۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب گزشتہ اتوار کو پاکستان اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا تھا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو ہوئی تھی، جس میں دونوں جانب سے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔





















































































