اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ برآمدات پر مبنی معاشی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے، انہوں نے برآمدکنندگان کے لیے سپر ٹیکس سے استثنیٰ میں توسیع کے معاملے کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف سے ممتاز صنعتکاروں اور کاروباری شخصیات کے وفد نے ملاقات کی، جس میں برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے فروغ کے لیے کاروباری برادری کی تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے کاروباری برادری کی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ملاقات کا بنیادی مقصد برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے فروغ کے حوالے سے مشاورت کرنا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کاروبار کو آسان بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے جبکہ توانائی کی لاگت میں کمی بھی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مشکل حالات کے باوجود کاروباری برادری سمیت متعلقہ فریقوں سے مشاورت کے ذریعے بنیادی معاشی اصلاحات کی گئی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے انفورسمنٹ اقدامات کے ذریعے ایک سال کے دوران 800 ارب روپے ریکور کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی معاشی ٹیم کی کوششوں کے نتیجے میں ملک کے میکرو اکنامک حالات میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے، تاہم مائیکرو اکنامک سطح پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ معاشی بہتری کے ثمرات عام عوام تک پہنچ سکیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو برآمدکنندگان کے لیے سپر ٹیکس سے استثنیٰ میں توسیع کے معاملے کا جائزہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے ایک بار پھر کہا کہ برآمدات پر مبنی معاشی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔





















































































