اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ایک ہفتے کے دوران دوسری بار بجلی مہنگی کردی، سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمت میں 52 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے۔
وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد نیپرا نے بجلی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق رواں سال کی دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی 52 پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی ہے۔
بجلی کی قیمت میں اضافے سے صارفین پر مجموعی طور پر 12 ارب 67 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
نیپرا کے مطابق صارفین سے اضافی رقم ستمبر، اکتوبر اور نومبر کے بجلی بلوں میں وصول کی جائے گی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ صارفین سے 3 ماہ تک ہر ماہ 52 پیسے فی یونٹ اضافی وصول کیے جائیں گے جبکہ اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین پر ہوگا۔
واضح رہے کہ ایک ہفتے کے دوران بجلی کی قیمت میں یہ دوسری مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے۔
اس سے قبل 4 ستمبر کو نیپرا نے ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمت میں 2 روپے 6 پیسے فی یونٹ اضافے کا اعلان کیا تھا۔






















































































