واشنگٹن: امریکی نیوز ویب سائٹ ایکسیوس نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے یمن کے حوثیوں کے خلاف کارروائی کی درخواست مسترد کردی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بحیرہ احمر میں حوثیوں سے لاحق خطرات کے معاملے پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے دو مرتبہ ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔
ایکسیوس کا دعویٰ ہے کہ محمد بن سلمان نے امریکی صدر پر زور دیا کہ وہ حوثیوں کے خلاف کارروائی کریں، تاہم ٹرمپ نے اس درخواست سے اتفاق نہیں کیا اور حوثیوں کے خلاف امریکی کارروائی سے انکار کردیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی فوجی اور سول حکام نے حالیہ ہفتوں کے دوران اپنے سعودی ہم منصبوں سے رابطے کیے ہیں۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر بھی ہنگامی رابطہ اجلاسوں میں شرکت کے لیے گزشتہ روز سعودی عرب پہنچے۔
ایکسیوس کے مطابق واشنگٹن میں سعودی سفارت خانے اور وائٹ ہاؤس نے رپورٹ میں کیے گئے دعوؤں پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل یمن کی حوثی جماعت انصار اللہ نے سعودی عرب میں حملے کیے تھے، جن کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 73 افراد زخمی ہوئے تھے۔






















































































