بانی پی ٹی آئی عمران خان کا اسلام آباد کے پمز اسپتال میں طبی معائنہ اور آنکھ کا فالو اَپ علاج کیا گیا۔ اسپتال انتظامیہ نے ان کی عمومی جسمانی حالت تسلی بخش اور مستحکم قرار دی ہے۔
پمز انتظامیہ کے اعلامیے کے مطابق عمران خان کو رات گئے اڈیالہ جیل سے طبی معائنے کے لیے اسلام آباد کے پمز اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ معائنے کے دوران ان کے طبی اشاریے معمول کے مطابق پائے گئے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ ماہر امراض چشم کی ہدایت پر عمران خان کی آنکھ میں اینٹی وی ای جی ایف انجکشن لگایا گیا۔ یہ عمل شعبہ امراض چشم کی ٹیم نے مکمل کیا۔
جیل ذرائع کے مطابق طبی معائنے کے بعد عمران خان کو واپس اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔

















































































