امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ ایران کے خلاف فوری فوجی کارروائی کر سکتے ہیں اور طاقت کے استعمال میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کو ایران کے ساتھ کسی معاہدے کی ضرورت بھی نہیں ہے۔
ایک امریکی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ایران کے خلاف جنگ جیتنے کی جانب بڑھ رہا ہے اور وہ جب چاہیں اس میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ شکست قبول نہیں کریں گے اور اگر ان کی صدارت ختم ہونے تک موجودہ ایرانی قیادت اقتدار میں رہی تو وہ اسے اپنی شکست سمجھیں گے۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے ایران کو بے اثر کر دیا ہے، وہاں مہنگائی 301 فیصد تک پہنچ چکی ہے، معیشت تباہ ہو گئی ہے اور فوجیوں کو تنخواہیں نہیں مل رہیں۔
امریکی صدر نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اسرائیل میں ان کی مقبولیت 99 فیصد ہے اور وہ وہاں جا کر وزیراعظم بھی بن سکتے ہیں۔
کیوبا سے متعلق ٹرمپ نے کہا کہ وہ اس کے خلاف مختصر فوجی کارروائی پر غور کر سکتے ہیں اور عہدہ چھوڑنے سے پہلے کیوبا کا معاملہ حل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے اپنی صدارت کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگلے دو سال بھی اچھے گزریں گے۔

















































































