کراچی کی بندرگاہ پورٹ قاسم پر 15 ہزار میٹرک ٹن مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) لے کر ایک بحری جہاز پہنچ گیا۔ حکام کے مطابق یہ ملکی تاریخ کی سب سے بڑی ایل پی جی کھیپ ہے۔
درآمد کے نئے نظام کے تحت پہلی بڑی کھیپ کی آمد پر پورٹ قاسم میں تقریب ہوئی، جس میں اسپیشل سیکرٹری پیٹرولیم مرزا ناصرالدین مشہود نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو مناسب قیمت پر ایل پی جی فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور ریکارڈ کھیپ اس شعبے کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق ریگولیٹری رکاوٹوں کے باعث سرکاری کمپنیاں پہلے ایل پی جی درآمد نہیں کر رہی تھیں۔ حکام کو توقع ہے کہ نئے نظام سے موسم سرما میں پہاڑی اور دور دراز علاقوں تک گیس کی فراہمی بہتر ہوگی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ مزید کھیپیں آئندہ ہفتوں میں پہنچنے کی توقع ہے۔ حکام کے مطابق ان سے اوپن مارکیٹ میں دستیابی بڑھے گی اور صارفین کو ریلیف ملے گا۔
















































































