پیو ریسرچ سینٹر کے نئے آبادیاتی تخمینوں کے مطابق 2035 تک مسلمانوں کی تعداد عیسائیوں سے بڑھ سکتی ہے۔ تحقیق میں نوجوان آبادی اور نسبتاً بلند شرح پیدائش کو مسلمانوں کی تیز رفتار آبادیاتی نمو کی اہم وجوہات قرار دیا گیا ہے۔
امریکی تحقیقی ادارے کے مطابق آنے والی دہائیوں میں دونوں مذہبی گروہوں کی آبادی بڑھے گی، تاہم مسلمانوں میں اضافے کی رفتار زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ رپورٹ میں 2035 تک مسلمانوں کی تعداد تقریباً دو ارب 57 کروڑ اور عیسائیوں کی تعداد دو ارب 52 کروڑ ہونے کا تخمینہ دیا گیا ہے۔
تحقیق میں یہ امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ پاکستان 2070 تک انڈونیشیا کی جگہ سب سے بڑی مسلم آبادی والا ملک بن جائے گا۔ پاکستان میں مسلمانوں کی تعداد تقریباً 46 کروڑ 10 لاکھ تک پہنچنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
اسی عرصے میں جمہوریہ کانگو کے امریکا سے آگے نکل کر سب سے زیادہ عیسائی آبادی والا ملک بننے کا امکان ہے۔ یہ تخمینے موجودہ آبادیاتی رجحانات کے برقرار رہنے کے مفروضے پر مبنی ہیں۔

















































































