پاک فوج نے فتح 3 سپرسونک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق میزائل جدید نیویگیشن اور پروپلشن نظام سے لیس ہے اور طویل فاصلے کے اہداف کو تیز رفتاری اور درستگی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ فتح 3 سے آرمی راکٹ فورس کمانڈ کی آپریشنل لچک اور ہدف تک پہنچنے کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ بیان کے مطابق یہ نظام پاکستان کی مجموعی روایتی دفاعی استعداد اور دفاعی پوزیشن کو مزید مضبوط بنائے گا۔
تجربے کا مشاہدہ آرمی راکٹ فورس کمانڈ کے کمانڈر، مسلح افواج کے سینئر افسروں، سائنس دانوں اور انجینئروں نے کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق صدر، وزیراعظم، چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے کامیاب تجربے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے قومی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کے اس سنگ میل میں حصہ لینے والے افراد کی محنت، لگن اور عزم کو سراہا۔

















































































