مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ان کی حکومت نے آئی ایم ایف کو الوداع کہہ دیا تھا، مگر بعد کی حکومت اسے دوبارہ لے آئی۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے آزاد کشمیر میں موٹروے منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پر کام شروع کرنے کو بھی کہا۔
نواز شریف نے آزاد کشمیر کی سابق حکومتوں کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خطے کا ماضی تکلیف دہ رہا اور عوام کے مسائل سے بے حسی برتی گئی۔ ان کے مطابق وہ ماضی کی تلخ یادیں پیچھے چھوڑ کر آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پہلے ازراہ مذاق کہا تھا کہ کامیابی کے بعد وہ خود آزاد کشمیر کے وزیراعظم بن جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب افتخار گیلانی کے وزیراعظم بننے پر انہیں ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے وہ خود اس منصب پر ہوں، کیونکہ وہ ان میں اپنا جیسا جذبہ دیکھتے ہیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت کی توجہ ترقی پر رہی اور وہ آزاد کشمیر میں بڑے منصوبے لانا چاہتے تھے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے دور میں بجلی کے کارخانے لگا کر 18 سے 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ریکارڈ مدت میں ختم کی گئی۔
نواز شریف نے کہا کہ ان کے دور میں ڈالر 104 روپے کا تھا اور لواری ٹنل مکمل ہوئی، لیکن ان کی حکومت ختم کر دی گئی۔ انہوں نے خیبر پختونخوا میں طویل عرصہ حکومت کرنے والی جماعت کی کارکردگی پر سوال اٹھایا اور کہا کہ 15 سال میں کیے گئے کام بتائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف پوری ہمت کے ساتھ معیشت بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آزاد کشمیر میں موٹروے لانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے ان منصوبوں پر جلد کام شروع کرنے پر زور دیا۔
نواز شریف نے پنجاب میں شہباز شریف کے سابق کاموں اور مریم نواز کی موجودہ کارکردگی کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز انہی اقدامات کو آگے بڑھا رہی ہیں اور اچھے کام پر دونوں داد کے مستحق ہیں۔
انہوں نے مسلم لیگ ن کی کارکردگی کو دوسری جماعتوں سے بہتر قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ تمام جماعتوں کے ادوار میں کیے گئے کاموں کا تقابلی جائزہ لیا جائے۔

















































































