اسلام آباد کے ایچ نائن ا توار بازار میں لگنے والی آگ شدت اختیار کرگئی، آگ نے 300 دکانوں کو لپیٹ میں لے لیا ،آرمی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بھی موقع پر پہنچ گئیں۔
اسلام آباد کے ایچ نائن میں اتوار بازار میں لگی آگ کوبجھانے کیلئے ریسکیو 1122 کے اہلکار، فائربریگیڈ کی 5گاڑیاں اور سی ڈی اے کا عملہ مصروف ہے، واقعے کے بعد اسسٹنٹ کمشنر آئی نائن موقع پر پہنچ گئیں جبکہ سامان کو آگ سے بچانے کیلئے متعدد سٹالز خالی بھی کر دیئے گئے، آگ لگنے 70 سے زائد دکانیں سٹالز جل کر خاکستر ہو گئیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے اتوار بازار میں آتشزدگی کے واقعہ کا نوٹس لے لیا، وزیرداخلہ محسن نقوی نے چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا سے رابطہ کیا ، وزیرداخلہ محسن نقوی کی ہدایت پرچئیرمین سی ڈی اے موقع پر پہنچ گئے۔
وزیرداخلہ نے آتشزدگی پر قابو پانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی ٹیموں کی تعداد بڑھائی جائے اور اضافی وسائل لگا کر آتشزدگی پر قابو پانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔