امن، تجارت اور علاقائی استحکام کے لیے بات چیت ناگزیر ہے، واشنگٹن میں پاکستانی وفد کی سرگرمیاں
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان اور بھارت کے درمیان دہشتگردی کے خاتمے کے لیے ایک مشترکہ فورم قائم کرنے کی تجویز دی ہے۔ واشنگٹن میں امریکی تھنک ٹینک سی ایس آئی ایس اور امریکی کانگریس کے مختلف اجلاسوں میں پاکستانی وفد کی قیادت کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کے لیے مکالمے کو واحد راستہ قرار دیا۔
پاکستانی وفد نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ دہشتگردی کی تحقیقات کے لیے ایسا پلیٹ فارم ہونا چاہیے جو تمام واقعات، بشمول پہلگام، کا غیر جانب دار جائزہ لے۔
انہوں نے چینی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں ہونے والے حملوں میں بھارت کے ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں، اس لیے دونوں ممالک کو چاہیے کہ وہ کھلے دل سے سچائی کا سامنا کریں۔
واشنگٹن میں بلاول بھٹو نے مختلف امریکی اراکین کانگریس، پاکستانی نژاد کمیونٹی شخصیات اور میڈیا اداروں سے بھی ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے صدر ٹرمپ اور امریکی قیادت کی جانب سے پاک بھارت جنگ بندی میں کردار ادا کرنے پر اظہارِ تشکر کیا اور کہا کہ سفارتکاری وہ نتائج دے سکتی ہے جو جنگ سے ممکن نہیں۔