وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے مطالبات پر عملدرآمد کی یقین دہانی، کراچی اور حیدرآباد پر خصوصی توجہ کا وعدہ
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے آئندہ مالی سال 2025-26 کے وفاقی بجٹ میں کراچی اور حیدرآباد کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 30 ارب روپے مختص کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف سے ایم کیو ایم کے وفد کی ملاقات میں یہ مطالبہ سامنے آیا، جس میں 20 ارب کراچی اور 10 ارب روپے حیدرآباد کے لیے تجویز کیے گئے۔
ایم کیو ایم وفد نے کراچی میں پانی کی فراہمی اور گرین لائن منصوبے پر فوری پیش رفت پر زور دیا اور کہا کہ دونوں شہروں کے شہری بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے مطالبات پر عملدرآمد کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی فنڈز ایم کیو ایم کے ارکان اسمبلی کے ذریعے خرچ کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو براہ راست ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ وفد نے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد کی ترقی کے لیے وفاقی حکومت کا تعاون ناگزیر ہے۔