بزمِ شعرائے بار کراچی اور پاک۔برٹش آرٹس انٹرنیشنل (سندھ چیپٹر) کے اشتراک سے 19 اگست 2024ء بروز پیر کراچی بار ایسوسی ایشن کے جناح آڈیٹوریم میں جشنِ آزادی مشاعرہ منعقد ہوا۔
جذبہ حب الوطنی کے تناظر میں یہ ایک شاندار شعری نشست تھی۔ جس میں وکالت کے شعبہ سے تعلق رکھنے والے شعرائے کرام کے علاوہ کراچی کے نامور شعراء نے اپنے خوبصورت کلام سے حاضرینِ محفل کو محظوظ کیا۔
وکلاء برادری سے شائقینِ علم و ادب کی کثیر تعداد نے پاکستان کی آزادی کی یاد کو منانے کے سلسلے میں منعقد ہ اس مشاعرہ میں شرکت کی۔اس مشاعرہ کی صدارت نامور شاعر فیروز ناطق خسرو نے کی جبکہ ممتاز قانون دان اور مصنف جناب سالم سلام انصاری مہمان خصوصی تھے۔ پاکستان کی نامور شاعرہ ریحانہ روحی اور ڈاکٹر قمر رضوی مہمانانِ اعزازی کی حیثیت سے اس تقریب میں شامل تھے۔ تقریب کی نظامت کے فرائض بزمِ شعرائے بار کراچی کے چیئرمین جناب شوکت کمال چیمہ نے انتہائی احسن طریقے سے ادا کئے ۔
تقریب کا آغاز پاکستان کے قومی ترانے سے ہوا ۔ اس کے بعد پاک۔برٹش آرٹس انٹرنیشنل (سندھ چیپٹر) کے یومِ تاسیس کی سالگرہ کے سلسلے میں کیک کاٹنے کی تقریب بھی ہوئی ۔ افتتاحی خطاب میں جناب شوکت کمال چیمہ نے بزمِ شعرائے بار کراچی کے کردار پر روشنی ڈالی، جس نے وکلاء کے درمیان ادب سے محبت کو فروغ دیا۔
انہوں نے اس فورم کی گزشتہ ادبی تقریبات کا ذکر کیا اور مستقبل میں مزید ادبی سرگرمیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ شاعرہ محترمہ ناہید عزمی جو پاک۔برٹش آرٹس انٹرنیشنل (سندھ چیپٹر) کی صدر بھی ہیں، نے اپنے فورم کا تعارف پیش کیا اور اس کی علمی و ادبی، سماجی اور ثقافتی سرگرمیوں سے حاضرینِ محفل کو آگاہ کیا ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں ثقافتی اور ادبی سرگرمیوں کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا جو معاشرے کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
شعرا ءئے کرام نے جہاں آزادی کے موضوع پر اپنے خیالات اور جذبات کا اظہار اپنی خوبصورت شاعری سے کیا، وہیں دیگر مختلف روایتی موضوعات پر بھی غزلیں اور نظمیں پیش کی اس مشاعرہ میں حصہ لینے والے نمایاں شعرا میں فیروز ناطق خسرو، ریحانہ روحی، ڈاکٹر قمر رضوی، ضیا زیدی، ناہید عزمی، ایڈووکیٹ شوکت کمال چیمہ، ایڈووکیٹ یاسر چغتائی، آئرین فرحت، شازیہ عالم شازی، ایڈووکیٹ کامران ہاشمی، کامران مغل، ایڈووکیٹ شہزاد نیاز، ایڈووکیٹ شاکرہ طارق، ایڈووکیٹ صدام حسین سومرو، ایڈووکیٹ کریم ناز، اور ایڈووکیٹ محسن نواب شامل تھے۔ ہر شاعر نے اپنے منفرد انداز اور اظہار کے ذریعے اس تقریب کو یادگار بنا دیا۔
مہمان خصوصی جناب سالم سلیم انصاری اور صدر مشاعرہ جناب فیروز ناطق خسرو نے حاضرین سے اپنے خطاب میں بزمِ شعرائے بار کراچی اور پاک۔برٹش آرٹس انٹرنیشنل کی کوششوں کو سراہا جنہوں نے اس خوبصورت تقریب کا انعقاد کیا۔ انہوں نے قوم کے ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھنے اور آنے والی نسلوں کو متاثر کرنے میں ادب کے کردار کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ”جشنِ آزادی مشاعرہ“ ایک کامیاب تقریب تھی، جس نے حاضرین پر گہرا اثر چھوڑا۔
اس نے نہ صرف آزادی کے جذبے کو اُجاگر کیا بلکہ پاکستان کے لوگوں میں شناخت اور فخر کے احساس کو فروغ دینے میں بھی ادب اور شاعری کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ بزمِ شعرائے بار کراچی اور پاک۔برٹش آرٹس انٹرنیشنل (سندھ چیپٹر) کے درمیان تعاون اس بات کا مظہر تھا کہ ثقافتی تبادلے کے ذریعے اتحاد اور حب الوطنی کو کس طرح فروغ دیا جا سکتا ہے۔